نئی دہلی،23؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک میں کورونا وائرس کووڈ 19 کا قہر بڑھتا ہی جارہاہے اور ایک بار پھر ایک دن میں تقریباً 70 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، تاہم اسی عرصہ میں 57 ہزار سے زائد مریض صحت مند ہو ئے ہیں جس سے مریضوں کی شفایابی کی شرح تقریبا 75 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
اتوار کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 69،239 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 30،44،940 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران 57989 مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 22،80،566 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مریضوں کی شفایابی کی شرح بڑھ کر 74.89 فیصد ہوچکی ہے۔
تاہم یہ تشویش کی بات ہے کہ اسی عرصہ کے دوران ایکٹیوکیسز میں 10 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فعال کیسز کی تعداد میں ریکارڈ 10،338 مریضوں کے اضافے کے ساتھ مجموعی تعداد 7،07،668 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 912 اموات کے بعد مجموعی ہلاک شدگان کی تعداد 56706 ہوگئی۔ ملک میں سرگرم کیسز کی تعداد 23.43 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح 1.87 فیصد ۔